کراچی ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ ہفتہ کے روز سے شہر کی مختلف شاہراہوں، گرین بیلٹس اور پارکوں میں موسمی پھول لگانے کا آغاز کیا جارہا ہے، جن میں گیندا، گل دائودی اور دیگر موسمی پھول شامل ہیں، اس سلسلے میں کے ایم سی کی نرسریوں میں ایک لاکھ پودے تیار کئے گئے ہیں، یہ بات انہوں نے محکمہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر کی بریفنگ کے موقع پر کہی، جس کے دوران بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام مختلف پارکس کو بہتر بنانے اور سڑکوں کے اطراف شجر کاری اور سبزہ کاری کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس طحہٰ سلیم ، پارکس ڈپارٹمنٹ کے افسران اور ماہرین بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ شاہراہوں اور گرین بیلٹس کو سر سبز اور خوشنما بنانے کے لئے لگائے گئے درختوں کی کانٹ چھانٹ اور ان کی آبیاری اس طرح کی جائے کہ نہ صرف یہ درخت محفوظ رہیں بلکہ سڑکوں پر ٹریفک کی وجہ سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے، انہوں نے کہا کہ موسم سرما کی مناسبت سے بہترین پھولوں اور پودوں کا انتخاب کیا جائے تاکہ سرسبز اور ترو تازہ ماحول پیدا ہو اورتمام پارکوں میں فیملی کارنر بنائے جائیں جہاں شہری اپنی فیملی کے ہمراہ فرصت کے لمحات خوشگوار انداز میں گزارسکیں، شہر کو خوبصورت اور سرسبز بنانے کے لئے تمام تر اقدامات عمل میں لائے جائیں گے، اس موقع پر بریفنگ میں پارکس اینڈ ریکریشن اسٹریجیٹک ڈیولپمنٹ پلان 2020-25 کے حوالے سے بتاگیا یا کہ یہ پلان ’’ باغبان ایڈوائزری گروپ‘‘ نے پارکس ڈپارٹمنٹ کے افسران اور ٹیکنیکل ٹیم کی معاونت سے تیار کیا ہے جس پر کسی قسم کے سرکاری اخراجات نہیں آئیں گے اور تمام تر کام رضاکارانہ بنیادوں پر کیا جارہا ہے، کے ایم سی کے پارکس اور گرین بیلٹس کی بہتری اس میں شامل ہے اور اب تک باغ ابن قاسم، جھیل پارک اور فریئر ہال گارڈن کو سرسبز و خوبصورت بنانے کے حوالے سے منصوبے تیار کئے جاچکے ہیں، دسمبر 2020 سے لے کر مارچ 2021 تک کے لئے مختلف پروگرام تیار کئے گئے ہیں جن میں کچن گارڈننگ ورکشاپ، پہلا کراچی میری گولڈ فیسٹول، کراچی گرین فیسٹول، فریئر ہال گارڈن کی تزئین و آرائش اور آل پاکستان فلاور فروٹس اینڈ ویجی ٹیبل شو کا انعقاد شامل ہے، باغبان ایڈوائزری کمیٹی میں سول سوسائٹی سے ممتاز شخصیات کے علاوہ ہارٹیکلچر اور ماحولیات کے ماہرین کو بھی شامل کیا گیا ہے جو رضا کارانہ طور پر اپنی خدمات بلدیہ عظمیٰ کراچی کو فراہم کررہے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ پارکس ڈپارٹمنٹ کے تحت جو بھی ایونٹ منعقد کئے جائیں ان میں اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ یہ شہر کی بہتری کے لئے ہوں اور ان میں شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پہلے سے جاری کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنا اور مستقبل کے لئے ہر ممکن بہتر منصوبے تیار کرنا ہے تاکہ شہر کو خوبصورت اور سرسبز بنایا جاسکی.