تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک 2024 کا آج بروز پیر 11 مارچ سے آغاز ہو چکا۔ چند ممالک میں آج بروز پیر کو رمضان المبارک کا پہلا روزہ تھا، جبکہ بیشتر ممالک میں کل بروز منگل 12 مارچ کو رمضان المبارک کا آغاز ہو گا۔
تاہم ایک ملک ایسا بھی ہے جہاں نہ آج، نہ کل رمضان المبارک کا آغاز ہو گا۔ جیو نیوز کے مطابق نیوزی لینڈ میں 13 مارچ بروز بدھ کو رمضان المبارک کے پہلے روزے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جبکہ پاکستان سمیت دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں کل 12 مارچ بروز منگل سے رمضان المبارک کا آغاز ہو.
افغانستان میں سعودی عرب کے ساتھ ہی رمضان المبارک کے آغاز کی روایت برقرار رکھی گئی، افغانستان میں آج بروز پیر 11 مارچ کو رمضان المبارک کا پہلا روزہ ہونے کا اعلان کیا گیا۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں آج بروز پیر 11 مارچ کو پہلا روزہ ہے۔ ان ممالک میں گزشتہ روز رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا تھا، تاہم صرف ایک خلیجی ملک ایسا ہے جہاں گزشتہ روز ماہ مبارک کا چاند نظر نہیں آیا تھا۔
سلطنت عمان میں گزشتہ روز رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا تھا، لہذا اس خلیجی ملک میں ماہ مبارک کا پہلا روزہ 12 مارچ بروز منگل کو ہو گا۔ عمان کے علاوہ بیشتر ممالک میں گزشتہ روز رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، یوں عمان، پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں رمضان المبارک 1445 ہجری کا 12 مارچ بروز منگل سے آغاز ہو گا۔ پاکستان میں چئیرمین رویت ہلال کمیٹی نے کل پاکستان میں پہلا روزہ ہونے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔