وفاقی حکومت نے ملک میں ڈیزل پر پٹرولیم لیوی کی شرح میں اضافہ کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے گزشتہ رات کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول کے معاہدے کے بعد پٹرول کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا تاہم ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے سات روپے کا اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے جاری کردہ اعدادوشمار میں ڈیزل کی قیمت کا بریک اپ ظاہر کرتا ہے کہ اس کی قیمت میں پٹرولیم لیوی کی شرح پچاس روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 55 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف شرائط کے تحت پٹرولیم لیوی کی فی لیٹر شرح کو پچاس روپے سے ساٹھ روپے کرنا ہے۔ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف سٹینڈ بائی پروگرام کے معاہدے کی گزشتہ روز منظوری دی گئی تھی۔